سیکیورٹی فورسز کا ژوب میں آپریشن، مزید 3 دہشتگرد ہلاک، 4 روز میں ہلاکتیں 50 ہوگئیں

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازا میں کارروائی کے دوران فتنۃ الہندوستان کے مزید 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، 4 روز میں مارے گئے دہشت گردوں کی تعداد 50 ہوگئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازا میں 7 سے 9 اگست تک سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 47 خوارج مارے گئے۔
سیکیورٹی فورسز نے 10 اور 11 اگست کی درمیانی شب بھی پاک افغان سرحدی علاقہ سمبازا میں آپریشن کیا جس میں فتنۃ الہندوستان کے 3 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 4 روز میں مجموعی طور پر 50 دہشت گرد مارے گئے، دہشت گردوں سے اسلحہ، بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملک کے دفاع کو محفوظ بنانے کے لیے پرعزم ہیں، سیکیورٹی فورسز پاکستان میں امن، استحکام اور ترقی کو خراب کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیں گی۔