خاتون 40 سال کے بعد بھی بچے پیدا کر سکتی ہے، شرمین علی

اداکارہ شرمین علی کا کہنا ہے کہ ماضی میں معاشرے کے زیادہ تر لوگ سمجھتے تھے کہ بچے پیدا کرنے کے لیے لڑکیوں کی سب سے بہترین عمر 20 سال تک ہے لیکن اب سماج میں شعور آرہا ہے کہ خواتین 40 سال کے بعد بھی بچے پیدا کر سکتی ہیں۔
شرمین علی نے حال ہی میں ’سما ٹی وی‘ کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شادیوں کے معاملات پر گفتگو کی۔
پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ وہ پانچ بہنیں ہیں، جس میں سے تین بہنوں کی شادیاں بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں سے ہوئیں اور ان کی والدہ نے صرف دولت کو نہیں دیکھا بلکہ لڑکوں کی تعلیم کو اہمیت دی۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ کی کوشش تھی کہ ان کی بیٹیوں کے تمام شوہر ڈاکٹرز ہوں، انہوں نے پیسوں کو اہمیت نہیں دی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ سچ ہے کہ زیادہ تر پاکستانی لڑکے صرف بیرون ممالک کا پاسپورٹ حاصل کرنے کے لیے وہاں کی لڑکیوں سے شادیاں کرتے ہیں۔
ان کے مطابق ایسی شادیاں زیادہ عرصہ نہیں چلتیں اور شادی سے قبل ہی دونوں فریقین میں معاہدہ ہوتا ہے کہ خاص وقت کے بعد وہ الگ ہوجائیں گے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ جیسے ہی لڑکوں کو پاسپورٹ مل جاتا ہے، وہ پاسپورٹ کی خاطر کی گئی شادی سے الگ ہوجاتے ہیں۔
شرمین علی کا مزید کہنا تھا کہ ماضی کے مقابلے اب شادیوں سے متعلق لوگوں کا ذہن تبدیل ہو رہا ہے اور بہت ساری چیزوں کو دیکھا جاتا ہے۔
ان کے مطابق ماضی میں شادی کے وقت لڑکے کی تعلیم پر زیادہ توجہ نہیں دی جاتی تھی لیکن اب لڑکوں کی تعلیم کو بھی دیکھا جاتا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگرچہ بہت زیادہ تبدیلی نہیں آئی لیکن آہستہ آہستہ لوگ اب لڑکیوں کی شادی میں بھی تاخیر کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں یہ سوچ پائی جاتی تھی کہ لڑکی کی بچے پیدا کرنے کی بہترین عمر 20 سال تک ہوتی ہے، اس لیے بھی ان کی جلد شادیاں کر دی جاتی تھیں۔
اداکارہ کے مطابق پھر کچھ وقت کے بعد لوگوں کو احساس ہوا کہ ایسا نہیں ہے، لڑکیاں 20 سال کے آخر تک بھی بچے پیدا کر سکتی ہیں لیکن اب صورتحال مختلف ہوچکی ہے۔
شرمین علی کا کہنا تھا کہ اب لوگوں کو احساس ہوچکا ہے کہ خواتین چالیس سال کی عمر کے بعد بھی بچے پیدا کر سکتی ہیں، اس لیے لڑکیوں کی شادیوں میں کچھ تاخیر بھی دیکھنے کو مل رہی ہے۔