
کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایل سی سی آئی) کی جانب سے ہڑتال کی کال پر شہر قائد اور لاہور میں اہم مارکیٹیں بند ہیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کےاختیارات میں توسیع پر وفاقی حکومت نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس کے ساتھ کامیاب مذاکرات کرلیے تھے، تاہم کراچی اور لاہور چیمبرز کی جانب سے آج ہڑتال کی کال برقرار رکھی گئی تھی۔
کراچی چیمبر آف کامرس کی جانب سے ہڑتال کی کال پر اولڈ سٹی ایریا کی مارکیٹیں زینب مارکیٹ، نارتھ کراچی انڈسٹریل ایریا میں موجود مارکیٹوں سمیت اہم مارکیٹیں بند ہیں۔
کراچی چیمبر کے صدر جاوید بلوانی نے جمعے کی شب پریس کانفرنس میں ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ایک روزہ ہڑتال پرامن ہوگی، تاہم اگر حکومت نے تحریری طور پر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
دوسری جانب پشاور اور دیگر شہروں میں مارکیٹیں اور بازار کھلے رہے، پشاور چیمبر نے آج کی ہڑتال مؤخر کرکے 15 اگست کی تاریخ دی تھی، تاجر برادری میں ملک گیر ہڑتال کے معاملے پر گہری تقسیم دیکھنے میں آئی ہے۔
یاد رہے کہ ایف بی آر کے اختیارات میں توسیع کے معاملے پر تاجروں میں اختلافات سامنے آئے تھے، ایف پی سی سی آئی نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کیا تھا، جب کہ کراچی اور لاہور چیمبر نے ہڑتال کی کال برقرار رکھی تھی۔