پاکستان

ہنگو میں پولیس کا آپریشن، 4 خارجی دہشتگرد ہلاک، ڈی پی او، ایس ایچ او زخمی

خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے دوآبہ میں پولیس اور ٹل اسکاوٹس کی جانب سے خارجی دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران 4 خوارج ہلاک ہوگئے، دہشت گردوں کی فائرنگ سے ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) خالد خان اور اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) نبی خان بھی زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ضلع ہنگو میں پولیس اور ٹل اسکاؤٹس کی جانب سے خارجی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر آپریشن کیا گیا، پولیس کے جوانوں کی فائرنگ سے 4 خوارج ہلاک ہوگئے۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے بھی پولیس پر فائرنگ کی، گولیاں لگنے سے ڈی پی او خالد خان اور ایس ایچ او دوآبہ نبی خان زخمی ہوئے جنہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ہنگو کے علاقے زرگیری، شناوڑی سمیت دیگر علاقوں میں ٹارگٹ آپریشن کیا گیا، ریسکیو 1122 کے مطابق ڈی پی او خالد خان کو زخمی حالت میں پشاور منتقل کیا گیا ہے۔

ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈی پی او خالد خان کو 4 گولیاں لگی ہیں، ایس ایچ او نبی خان معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق آپریشن کا سلسلہ تاحال جاری ہے، علاقے میں کلیئرنس تک آپریشن جاری رکھا جائے گا۔

جواب دیں

Back to top button