پاکستان

مون سون بارشوں کے نتیجے میں 21 روز کے دوران 178 افراد جاں بحق، این ڈی ایم اے

ملک بھر میں شدید مون سون بارشوں اور سیلابی کی تباہ کاریاں جاری ہیں، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر رپورٹ جاری کر دی۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث 26 جون سے 17 جولائی کے درمیان 178 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ 491 زخمی رپورٹ ہوئے، جس میں 85 بچے بھی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 54 اموات رپورٹ ہوئیں اور 227 افراد زخمی ہوئے۔

واضح رہے کہ 16 سے 17 جولائی کے درمیان صوبہ پنجاب کے بڑے شہروں راولپنڈی، جہلم اور چکوال میں شدید بارشیں رپورٹ ہوئیں، جس سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔

راولپنڈی میں 15 گھنٹوں کے درمیان 255 ملی میٹر بارش سے نالہ لئی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر سائرن بجائےگئے، چکوال میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد 423 ملی میٹر بارش برسنے پر ڈیم کا بند ٹوٹ گیا۔

رپورٹ کے مطابق راولپنڈی، جہلم اور چکوال میں ہونے والی شدید بارشوں سے ہزاروں بجلی صارفین بھی متاثر ہوئے، مسلسل بارش اور سیلابی ریلے متعدد ٹرانسفارمر، بجلی کےکھمبے اور تاریں بہا کر لےگئے۔

جواب دیں

Back to top button