پاکستان

پنجاب بھر میں مزید موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے پنجاب بھر میں مزید موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کردی جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں بارشوں سے پیش آنے والے مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوگئے۔

بدھ کو لاہور میں شدید بارشوں کے باعث کم از کم 9 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے جب کہ بارشوں نے شہر کے کئی علاقوں میں معمولاتِ زندگی کو متاثر کر دیا۔

ریسکیو 1122 پنجاب کے ترجمان فاروق احمد کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں بارش اور تیز ہواؤں کے باعث 4 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوئے۔

ترجمان کے مطابق جو لوگ شدید زخمی ہوئے، انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

شیخوپورہ کے گاؤں مرزا ورکاں میں چھت گرنے سے 2 سالہ اور 5 سالہ بچہ جاں بحق جب کہ 2 دیگر افراد زخمی ہوئے۔

اسی طرح، لاہور کے نشتر کالونی میں چھت گرنے سے 50 سالہ شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے جب کہ شہر کے ریلوے اسٹیشن پر ایک اور واقعے میں 2 سالہ بچہ جان سے گیا اور 2 افراد زخمی ہوئے۔

شیخوپورہ کے گاؤں جھمکے میں بانس کی چھت گرنے سے 2 افراد زخمی ہوئے جب کہ نارنگ منڈی میں بھی اسی طرح کے واقعے میں ایک شخص زخمی ہوا۔

جواب دیں

Back to top button