والد کا حمیرا اصغر کی لاش وصول کرنے سے انکار، پولیس کا دعویٰ

سندھ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ روز مردہ حالت میں پائی گئی اداکارہ حمیرا اصغر کے والد نے ان کی لاش وصول کرنے سے انکار کردیا۔
حمیرا اصغر 8 جولائی کو سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے ڈیفینس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے کرائے کے فلیٹ سے مردہ حالت میں ملی تھیں، بعد ازاں پولیس نے ان کی لاش کا پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد ان کی لاش مردہ خانے منتقل کردی۔
اداکارہ کا پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد پولیس نے پنجاب کے دارالحکومت میں ان کے ورثا سے رابطہ کیا لیکن والد نے بیٹی کی لاش وصول کرنے سے انکار کیا۔
پولیس نے بتایا کہ اداکارہ کے ورثا کا مؤقف تھا کہ وہ کچھ عرصہ قبل حمیرا سے تمام تعلقات ختم کر چکے تھے، اب ان کا اداکارہ سے کوئی تعلق نہیں۔
پولیس کے مطابق اداکارہ کے والد کو قائل کرنے کی کوشش کی گئی کہ وہ کراچی آکر بیٹی کی لاش وصول کریں لیکن انہوں نے صاف انکار کردیا جب کہ دوبارہ پولیس سے رابطہ بھی نہیں کیا۔
پولیس نے اداکارہ کے موبائل اور اس کے کال ڈیٹا ریکارڈ (سی ڈی آر) کی مدد سے ان کے اہل خانہ کا نمبر نکال کر ان سے رابطہ کیا لیکن حمیرا اصغر کے والد نے بیٹی کی لاش وصول کرنے سے انکار کردیا۔
دوسری جانب پولیس نے بتایا کہ تاحال شوبز کی کسی شخصیت نے بھی پولیس سے رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی اداکارہ کا کوئی اور جاننے والا سامنے آ سکا ہے۔