پاکستان

ملک بھر میں آئندہ 2 روز کے دوران موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں کے دوران خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، آزاد کشمیر اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں موسلا دھار بارش کے لیے الرٹ جاری کیا۔

محکمہ موسمیات نے آج جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ میں کہا کہ پاکستان میں مون سون کی بارشیں جاری ہیں، اور بالائی علاقوں میں 10 جولائی 2025 تک مزید بارشوں کا امکان ہے۔

مزید بتایا کہ کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، پوٹھوہار ریجن، شمال مشرقی اور جنوبی بلوچستان کے کچھ علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

جاری الرٹ میں عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ’بارشوں کے تسلسل کے پیش نظر احتیاط برتیں اور باخبر رہیں۔‘

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقے شدید بارش کے باعث زیرِ آب آ سکتے ہیں۔

اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ کراچی اور سندھ کے ساحلی علاقوں میں بوندا باندی یا ہلکی بارش کا امکان ہے۔

ایڈوائزری میں گلِیات، اسلام آباد/راولپنڈی، کشمیر، خیبر پختونخوا کے اضلاع مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، بونیر، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی اور مردان؛ پنجاب کے ڈیرہ غازی خان اور مری؛ اور بلوچستان کے بارکھان، کوہلو، موسیٰ خیل، ڈیرہ بگٹی، نصیر آباد، سبی، لورالائی، ژوب، قلات، خضدار، لسبیلہ، آواران، پنجگور اور تربت میں برساتی نالوں اور مقامی دریاؤں میں طغیانی کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

مزید کہا گیا کہ شدید بارش اور موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں خیبر پختونخوا کے اضلاع، مری، گلِیات اور آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے، جس سے سڑکوں کی بندش اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹیں پیدا ہو سکتی ہیں۔

گزشتہ روز صبح 8 بجے سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر کے مختلف شہروں میں درمیانے سے لے کر شدید درجے تک کی بارش ریکارڈ کی گئی۔

جواب دیں

Back to top button