کراچی اور لاہور میں 9 محرم کے مرکزی جلوسوں کیلئے سخت سیکیورٹی انتظامات مکمل

ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشترپارک دوپہر 1 بجے سے برآمد ہوگا، سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کیے جاچکے ہیں۔
کراچی میں 9 محرم الحرام کے مرکزی جلوس برآمد ہونے سے قبل نشتر پارک میں مجلس برپا کی جائے گی، جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے۔
مجلس ختم ہونے کے بعد نماز ظہرین ادا کی جائے گی، جس کا اہتمام امایہ اسٹوڈنٹس ارگنائزیشن کی جانب سے کیا جائے گا۔.
نماز ظہرین کے بعد جلوس نمائش، صدر، ریڈیو پاکستان، جامع کلاتھ، ڈینسو ہال سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔
لاہور میں 9 محرم کا جلوس
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پانڈواسٹریٹ سے 9 محرم کا مرکزی جلوس اب سے کچھ دیر بعد 10 بجے برآمد ہوگا، ایک لاکھ47 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہوں گے۔
ڈولفن اسکواڈ، پولیس رسپانس یونٹ کو 9 محرم کی اسپیشل سیکیورٹی ہدایات جاری کی گئی ہیں، ڈولفن و پی آر یو کی ٹیمیں شفٹ وائز پٹرولنگ کے فرائض سر انجام دیں گی۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) ڈولفن ارسلان زاہد نے کہا کہ ڈولفن و پی آر یو عاشورہ میں راؤنڈ دی کلاک پٹرولنگ پر ہوں گی، ٹیمیں امام بارگاہوں و دیگر مجالس ہائے اور حساس مقامات پر بھی ڈیوٹی سرانجام دیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ ڈولفن اسکواڈ ہمہ وقت 1122، فائر بریگیڈ، ریسکیو 15 و دیگر اداروں کے ساتھ رابطے میں رہیں گے، مختلف مقامات و امام بارگاہوں پر بالخصوص خواتین و بچوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔