وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر ڈی ایچ کیو ہسپتال پاکپتن کے ایم ایس گرفتار

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پاکپتن کا دورہ، سی او ہیلتھ پاکپتن اور ایم ایس ڈاکٹر عدنان غفار کیخلاف مجرمانہ غفلت پرمقدمہ درج اور گرفتار کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ڈی ایچ کیو ہسپتال پاکپتن پہنچ گئیں، جہاں مریضوں اور اہل خانہ نے ہسپتال میں بد نظمی ، غفلت اور دیگر شکایات کے انبار لگا دیے۔
مریضوں اور لواحقین کی شکایات پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے سخت ایکشن لیتے ہوئے سی او ہیلتھ پاکپتن اور ایم ایس ڈاکٹر عدنان غفار کیخلاف مجرمانہ غفلت پر مقدمہ درج کرکے گرفتار کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ نے ساہیوال سے نئے ایم ایس کو ڈی ایچ کیو ہسپتال پاکپتن تعینات کرنے کا حکم جاری کردیا۔
وزیراعلیٰ کے دورے پر مریضوں اور ان کے اہل خانہ نے 50 سے 100 روپے پارکنگ فیس لینے کی شکایت بھی جس پر اوور چارجنگ کی شکایت پر پارکنگ کمپنی کے مالک اور انچارج کی گرفتاری کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پرائیویٹ لیب سے ملی بھگت کرنے پر تین لیب ٹیکنیشن کو فارغ کردیا جبکہ پاکپتن ہسپتال کےعملے سے ملی بھگت پر تین پرائیویٹ لیب سیل کرنے کا حکم دیا۔
وزیراعلی پنجاب نے ڈی سی پاکپتن کو چارج چھوڑنے اور ہسپتال کے ایکوپمنٹ آڈٹ کا بھی حکم جاری کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نےکہا کہ ذمہ داروں کو احساس دلانے کے لیے سخت فیصلے ضروری ہیں۔
انہوں نے دفاتر میں اے سی چلنے، اور وارڈز اور مریضوں کے اے سی بند ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور سرکاری ہسپتالوں میں کوڈ ریڈ اور کوڈ بلیو سسٹم نافذ کرنے کا حکم دیا۔