پرائیویٹ کالج کی طالبات سے بھری وین کو آگ لگ گئی
لیاقت پور کے پرائیویٹ کالج کی طالبات سے بھری وین کو احمد پور شرقیہ کے قریب آگ لگ گئی
احمدپورشرقیہ میں ٹول پلازہ کے قریب ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک ہائی ایس وین کو ایل پی جی گیس لیکیج کی وجہ سے آگ لگ گئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، وین میں 19 طلباء سوار تھے جو لیاقت پور سے احمدپور پیپر دینے کے بعد واپس لیاقت پور جا رہے تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہو گئیں۔ فائر وہیکل، ایمبولینس اور ریسکیو وہیکلز سمیت متعدد گاڑیاں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ اس المناک حادثے میں ایک نامعلوم نوجوان جاں بحق ہو گیا ہے جس کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔
جبکہ 8 طلباء جھلس کر زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ زخمیوں میں 25 سالہ ثنا، 19 سالہ ثانیہ، 19 سالہ ماریہ، 20 سالہ سیفل، 17 سالہ امیر چیمہ، 18 سالہ اجالا، 19 سالہ عائشہ اور 19 سالہ ثناء شامل ہیں۔ ریسکیو آپریشن انچارج محمد رفیق (آر ایس او) کی نگرانی میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔