مصطفیٰ عامر قتل کیس: مرکزی ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 6 دن کی توسیع
کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 6 دن کی توسیع کردی، دوران سماعت شورشرابہ کرنے پر جج نے ملزم کے والد کامران قریشی کو عدالت سے باہرنکال دیا۔
ایمرا نیوز کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں مصطفیٰ عامر قتل کیس کی سماعت ہوئی، وکیل صفائی کی استدعا پر ملزم کے والدین کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت دے دی گئی۔
عدالت نے مرکزی ملزم ارمغان کو 24مارچ تک مزید جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا، دوران سماعت ملزم کے والد کامران قریشی نے کمرہ عدالت میں شور شرابہ کیا جس پر پولیس اہلکار کھینچ انہیں باہر لے گئے۔
ملزم ارمغان نے والد کی جانب سے کیے گئے نئے وکیل کو ماننے اور والد کے ساتھ ملاقات سے بھی انکارکردیا۔
قبل ازیں، مصطفیٰ عامر قتل کیس کی سماعت کے موقع پر صحافیوں کا اے ٹی سی کمپلیکس میں داخلہ بند کردیا گیا تھا۔
سکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ صحافیوں کو داخلے کی اجازت نہیں ہے، اعلیٰ افسران نے منع کیا ہے۔
ملزم ارمغان کے والد کامران اصغر قریشی کو بھی عدالت میں داخلے سے روک دیا گیا تھا، جس پر کامران قریشی نے اے ٹی سی میں بیٹے سے ملاقات کی درخواست دائر کردی۔
درخواست گزار نے موقف اپنایا تھا کہ ارمغان کے لیے نیا وکیل کیا ہے، بیٹے سے ملنےکی اجازت دی جائے، تاکہ اسے آگاہ کر سکوں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اینٹی وائلنٹ کرائم سرکل (اے وی سی سی) پولیس بھی بیٹے سے ملنے کی اجازت نہیں دے رہی، لہٰذا ملاقات کروائی جائے۔