سپیشل رپورٹ

اسلامی ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات مضبوط کرنے کے لئے مشترکہ کرنسی متعارف کرنا ضروری ہے

ایرانی صدر پزشکیان نے قاہرہ میں پاکستانی وزیراعظم سے ملاقات کے دوران اسلامی ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات بڑھانے کے لئے مشترکہ کرنسی متعارف کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ترقی پذیر اسلامی ممالک کی تنظیم ڈی 8 کے سربراہی اجلاس کے دوران ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر ایرانی صدر نے عالمی سطح پر اسلامی دنیا میں اتحاد اور ہم آہنگی کی ضرورت اور اسلامی ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو تقویت دینے کے لیے واحد کرنسی کے اجراء کو ضروری قرار دیا۔ انہوں نے اس مقصد کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

صدر پزشکیان نے ایران اور پاکستان کے تعلقات کو دوستانہ اور برادرانہ قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا، خاص طور پر سرحدی تعاون، دونوں ممالک کی سرحدوں کو پرامن اور مضبوط بنانے، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد، اور توانائی کے شعبے میں تعاون کی تاکید کی۔

ملاقات کے دوران پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر پزشکیان کے ڈی 8 اجلاس میں اٹھائے گئے امور کو اسلامی دنیا کے لیے اہم اور ضروری قرار دیا اور ایران کے صدر کی واحد کرنسی کے اجراء کی تجویز کا خیرمقدم کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیل کی غزہ، لبنان، شام کے خلاف مجرمانہ کارروائیوں اور اسلامی جمہوریہ ایران کی حدود کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کی اور امت مسلمہ کے باہمی تعاون اور مشترکہ خطرات کا مقابلہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں سربراہان مملکت نے اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعطل کا شکار گیس معاہدے پر بھی بات کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے وزراء اس معاہدے کے نافذ نہ ہونے کی اہم رکاوٹوں کو شناخت کریں گے اور ان رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اقدامات کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button