سیاسیات

ہمیں دوبارہ سڑکوں پر آنے پر مجبور نہ کیا جائے، ایوان ہمیں انصاف دے: چیئرمین تحریک انصاف

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اب نو مئی کی دھول بیٹھ جانی چاہیے، ایوان ہمیں انصاف دے اور ہمیں دوبارہ سڑکوں پر آنے پر مجبور نہ کیا جائے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی نے ڈپٹی سپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ یہ ایوان صرف سوگ نہ منائے، اپنے آپ کو منوائے، عمران خان نے مزاکرات کے لیے کمیٹی بنائی ہے مگر یہ سمجھتے ہیں کمیٹی بنانا کمزوری کی علامت ہے، مگر یہ کمزوری نہیں، ہم چاہتے ہیں ایوان پر کوئی تیسری قوت قابض نہ ہو۔‘

یاد رہے کہ تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ اسلام آباد میں 26 نومبر کے احتجاج کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فائرنگ سے 12 کارکن ہلاک ہوئے تھے تاہم پاکستان کی حکومت نے اس الزام کی تردید کی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں احتجاج کے دوران فسادات کی تحقیقات کے لیے ٹاسک فورس تشکیل دے رکھی ہے اور دھرنوں میں قانون پامال کرنے والوں کو سخت سزا دینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

بدھ کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے کمیٹی اس لیے بنائی ہے کہ اسے کمزوری نہ سمجھا جائے بلکہ کمیٹی کا مقصد یہ ہے کہ جتنی غلطیاں ہوئی ہیں ان کا ازالہ کرلیا جائے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ ’تحریک انصاف کے اسلام آباد آنے والے کارکن پرامن تھے، اس بات کی سختی سے تردید کرتا ہوں کہ ان میں سے کسی کے پاس اسلحہ موجود تھا۔‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button