کلاچی میں فائرنگ سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے چچا زاد بھائی جاں بحق
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں فائرنگ سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈہ پور کے چچا زاد بھائی ہلاک ہوگئے۔
پولیس ایف آئی آر کے مطابق 35 سالہ ثقلین گنڈہ پور کے بھائی فریدون خان کنڈاپور نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ ’ثقلین گزشتہ روز عصر کے وقت کلاچی میں موجود ہماری زمینوں کی جانب گئے تھے اس دوران رات آٹھ بجے اطلاع ملی کہ میرے بھائی کی گولیوں سے چھلنی لاش مانیری دادا قبرستان میں پڑی تھی۔‘
پولیس نے مقتول کے بھائی فریدون گنڈہ پور کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردیہے۔ ثقلین گنڈا پور وزیر اعلی کے چچازاد بھائی تھے اور وہ خود بھی ممبر ڈسٹرکٹ کونسل رہے۔
گزشتہ چند سالوں میں ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے میں بدامنی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سردار اسماعیل خان گنڈہ پور کے بیٹے اور صوبائی اسمبلی کے سابق امیدوار سردار فریدون خان گنڈہ پور کے بھائی سردار ثقلین خان گنڈہ پور کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں انھوں نے کہا کہ فائرنگ کے نتیجہ میں سردار ثقلین کی ہلاکت انتہائی تشویش ناک ہے اس کی مکمل تحقیقات کی جائیں گیں۔