غزہ میں اسرائیل کے میجر سمیت مزید 4 فوجی ہلاک
فلسطین کے محصور شہر غزہ میں حماس کے ہاتھوں اسرائیل کے میجر سمیت مزید 4 فوجی ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں جاری لڑائی میں اپنے مزید چار فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے، جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک ہلاک فوجیوں کی تعداد 345 ہو گئی ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق شمالی غزہ کی پٹی میں لڑائی کے دوران ہلاک فوجیوں میں کمپنی کمانڈر میجر یہودا نتن کوہن، ماسٹر سارجنٹ لیور آرازی، اسٹاف سارجنٹ گیلاد نیہمیا نطزان اور اسٹاف سارجنٹ یونادو راز شامل ہیں۔
گزشتہ ہفتے سے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی زمینی کارروائی میں ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد اٹھائیس ہو گئی ہے، آئی ڈی ایف کا کہنا ہے کہ غزہ میں الگ الگ جھڑپوں میں دیگر دو فوجی شدید زخمی بھی ہوئے۔
ادھر حماس کے القسام بریگیڈ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں لڑائی کے دوران گزشتہ 2 دن میں 24 اسرائیلی فوجی گاڑیاں اور ٹینک تباہ کر دیے گئے ہیں، مجاہدین غزہ کے شمال مغرب اور جنوب میں اگلے محاذوں پر لڑ رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق اسنائپرز رہائشی عمارتوں اور دیگر مقامات پر اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، جب کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی بمباری میں 60 یرغمالی بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔