جرم و سزا

سفاک قصائی نے ساتھ رہنے والی خاتون کو قتل کر کے 50 ٹکڑے کر ڈالے

بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں دوسری عورت سے شادی کرنے کے معاملے پر جھگڑے کے بعد 25 سالہ قصائی نے ساتھ رہنے والی خاتون کو قتل کرکے اس کی لاش کے 50 ٹکڑے کر دیے، پولیس نے سفاک شخص کو گرفتار کرلیا۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق تقریباً 2 ہفتے قبل پیش آنے والا واقعہ 24 نومبر کو منظر عام پر آیا، جب ایک ایک آوارہ کتے کو جنگل کے علاقے میں انسانی باقیات کے ساتھ دیکھا گیا۔

ملزم کی شناخت نریش بھینگرا اور مقتولہ کی 24 سالہ گنگی کماری کے نام سے ہوئی، جن کا تعلق جوردگ گاؤں سے تھا لیکن وہ تمل ناڈو میں رہتے اور کام کرتے تھے۔

پولیس نے بتایا کہ دونوں پچھلے چند برسوں سے ایک ساتھ رہ رہے تھے، لیکن نریش بھینگرا نے مقتولہ کے علم میں لائے بغیر کھنٹی میں دوسری خاتون سے شادی کر لی اور پھر تمل ناڈو واپس آیا اور مقتولہ گنگی کماری کے ساتھ رہنے لگا۔

رپورٹ کے مطابق یہ وحشیانہ واقعہ 8 نومبر کو پیش آیا جب مقتولہ گنگی کماری کے اصرار پر یہ جوڑا کھنٹی واپس آیا، تاہم، دونوں کے درمیان اس وقت جھگڑا شروع ہو گیا جب مقتولہ نے اسے زبردستی گاؤں لے جانے کا کہا اور انکار کی صورت میں اس سے واجب الادا رقم واپس کرنے کا مطالبہ کیا۔

نریش بھینگرا خاتون ساتھی کو اپنے گھر کے قریب جنگل میں لے گیا اور دوپٹے سے گنگی کماری کا گلا گھونٹ دیا، اس کے بعد قاتل نے لاش کے 50 ٹکڑے کر کے جنگل میں پھینک دیے۔

رپورٹ میں پولیس عہدیدار کے حوالے سے بتایا گیا کہ 24 نومبر کو اس واقعے کا علم تب ہوا جب ایک آوارہ کتے کو انسانی باقیات کے ساتھ دیکھا گیا، بعد ازاں پولیس نے تحقیقات کیں تو انسانی باقیات کے ساتھ ایک بیگ بھی برآمد ہوا، جس میں گنگی کماری کے کاغذات، تصویر و دیگر سامان موجود تھا۔

رپورٹ کے مطابق نریش بھینگرا کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ ملزم نے تفتیش کے دوران اپنی ساتھی کو قتل کرنے اور لاش کے ٹکڑے کرنے کا اعتراف کر لیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button