’دو کروڑ کا کتا‘ ٹرمپ کی حفاظت پر مامور
بوسٹن ڈائنامکس کا تیار کردہ ’سپوٹ‘ نامی روبوٹ کتا امریکی سیکرٹ سروس کا قومی سلامتی کے لیے جدید ترین ہتھیار ہے۔
اس روبوٹ کتے کو حال ہی میں فلوریڈا کے پام بیچ میں نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مارا لاگو ریزورٹ کے اطراف میں گشت کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
یہ روبوٹ کتے مسلح نہیں ہیں لیکن ان کو دور ریموٹ سے کنٹرول کیا جا سکتا ہے اور ان کے سیکورٹی گشت کے روٹ کو بھی پہلے سے پروگرام کیا جا سکتا ہے۔
سپوٹ نامی روبوٹک کتے کی ہر ٹانگ پر ایک سٹِکر لگا ہوا ہے جو راہگیروں کو خبردار کرتا ہے ’اس پر ہاتھ نہ پھیرنے کی کوشش نہ کریں۔‘مینلو کالج کی ماہر سیاسیات میلیسا مائیکلسن کا کہنا ہے کہ ’مجھے نہیں لگتا کوئی ان کتوں کو پیار کرنا چاہتا ہے۔ یہ دیکھنے میں بالکل پیارے نہیں لگتے۔‘تو سیکرٹ سروس انھیں کیوں استعمال کر رہی ہے؟
رون ولیمز، ایک سابق سیکریٹ سروس ایجنٹ جو اب سکیورٹی اور رسک مینجمنٹ فرم ٹیلون کمپنیز کے سی ای او ہیں، کو شبہ ہے کہ ٹرمپ کے خلاف قاتلانہ حملوں کی وجہ سے سیکرٹ سروس ایجنسی کو محسوس ہوا ہے کہ ’اسے ٹیکنالوجی کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بروقت مستقبل میں ہونے والے حملے کے بارے میں پتہ لگایا جا سکے اور اسے روکنے کی صلاحیت موجود ہو۔‘
مارا لاگو میں جہاں ٹرمپ کی بہت ساری جائیداد ہے ان کے بارے میں رون ویلیمز کا کہنا ہے کہ ان روبوٹ کتوں کو وہاں بہت پہلے ہی آ جانا چاہیے تھا۔
انھوں نے کہا کہ انسانوں کے مقابلے یہ ’روبوٹ کتے ایک وسیع رقبے پر سکیورٹی کر سکتے ہیں۔‘ انھوں نے کہا کہ یہ روبوٹ کتے مستقبل میں عام نظر آنا شروع ہو جائیں گے۔
اور یہ روبوٹ کتے صرف سیکرٹ سروس ہی نہیں بلکہ رون ولیمز کے مطابق، انھیں افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی استعمال کر رہے ہیں۔
بوسٹن ڈائنامکس کے تشہیری مواد کے مطابق امریکی ریاست پنسلوانیا کی مونٹگمری کاؤنٹی میں ایک بم سکواڈ ممکنہ دھماکہ خیز مواد کا معائنہ کرنے کے لیے ان کتوں کا استعمال کرتا ہے۔
خبروں کی ویب سائٹ وائرڈ کے مطابق گذشتہ سال نیو یارک پولیس ڈپارٹمنٹ نے ان روبوٹ کتوں کو اپنی فورس میں شامل کر لیا تھا جبکہ ان پر تنقید کی گئی تھی کہ پولیس اپنی طاقت کا غلط استعمال کر رہی ہے۔
دوسری یوکرین کے اخبار کیئو پوسٹ کے مطابق یوکرین نے 2022 میں روس کے حملے سے شروع ہونے والے جاری تنازعے میں جاسوسی کے لیے ان روبوٹ کتوں کا استعمال کیا ہے۔