حیرت انگیز
شادی کے اگلے روز دلہن نقدی اور زیورات لوٹ کر فرار ہوگئی
سرگودھا میں ایک شخص کو شادی مہنگی پڑ گئی، نوسر بازوں نے شادی سے پہلے اور بعد لاکھوں روپے بٹورے۔ شادی کے اگلے روز ہی گھر کا صفایا کرکے دلہن اور اس کے اہلخانہ غائب ہوگئے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ کے اندراج کی درخواست دے دی گئی۔
بھاگٹانوالہ پولیس کے مطابق سرگودھا کے گاؤں 73 جنوبی کے زمیندار رمضان کو نوسرباز گروہ نے شادی کے نام پر لوٹ لیا، ملزمان نے شادی سے پہلے تیاری کے نام پر لاکھوں روپے نقدی لی اور پھر شادی کے اگلے دن سسرال لے جانے کے بہانے چائے میں نشہ آور چیز پلا کربے ہوش کردیا، نقدی اور زیورات لوٹ کر لے گئے اور اس کو نشے کی حالت میں سڑک پر پھینک کر فرار ہوگئے۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لیے درخواست دے دی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے بعد فراڈ اور دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت کارروائی کی جائے گی۔