بلوچستان کے سرحدی علاقے میں پاکستان اور افغانستان کی سرحدی فورسز میں جھڑپ

پاکستان کے صوبے بلوچستان ضلع نوشکی میں افغانستان سے متصل سرحدی علاقے میں پاکستان اور افغانستان کی سرحدی فورسز کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نوشکی امجد سومرو نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ جھڑپ ضلع نوشکی کی تحصیل ڈاک کے علاقے گزینلی میں ہوئی ہے۔
ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ اس جھڑپ میں ایک پاکستانی سکیورٹی اہلکار زخمی ہوا ہے، جبکہ افغانستان میں بھی نقصانات ہوئے ہیں۔
تاہم ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ نوشکی میں تاحال کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ گزینلی کے علاقے میں سرحد کے قریب کوئی آبادی نہیں ہے۔
خیال رہے اس علاقے میں رواں سال اگست کے مہینے میں بھی دونوں ممالک کی سرحدی فورسز کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی جس میں ایک پاکستانی سکیورٹی اہلکار ہلاک بھی ہوا تھا ۔
بلوچستان میں سات اضلاع کی سرحدیں افغانستان سے ملتی ہیں، جن میں ژوب، قلعہ سیف اللہ، پشین، قلعہ عبداللہ، چمن، نوشکی اور چاغی شامل ہیں۔