پاکستان

اسلام آباد پولیس کا مظاہرین کے مبینہ تشدد سے کانسٹیبل کی ہلاکت کا دعویٰ

اسلام آباد پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس کے ایک اہلکار کانسٹیبل عبدالحمید شاہ مبینہ طور پر پی ٹی آئی کارکنان کے تشدد کے باعث شدید زخمی ہوئے جس کے بعد انھوں نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں ہی دم توڑ دیا۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ ’کانسٹیبل حمید شاہ کی ڈیوٹی 26 نمبر چونگی پر لگائی گئی تھی جہاں پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم کے دوران وہ زخمی ہو گئے تھے۔‘

ترجمان نے دعویٰ کیا کہ بعدازاں مظاہرین کی جانب سے ’انھیں اغوا کر لیا گیا اور انھیں تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد انھیں قریبی جنگل میں پھینک دیا گیا تھا اور ان کی تلاش کے دوران آج صبح پولیس انھیں ڈھونڈنے میں کامیاب ہوئی جس کے بعد انھیں ہسپتال پہنچایا گیا لیکن سر پر گہری چوٹوں کے باعث ان کی صحت بحال نہیں ہو سکی۔‘

ترجمان کے مطابق پولیس کانسٹیبل کی ریٹائرمنٹ کو صرف تین مہینے ہی باقی تھے۔

تحریکِ انصاف کی جانب سے تاحال اس الزام پر کوئی ردِ عمل نہیں دیا گیا ہے۔

گذشتہ رات میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا تھا کہ مظاہروں میں اسلام آباد پولیس کے 31 جبکہ پنجاب پولیس کے 75 اہلکار زخمی ہوئے۔

محسن نقوی نے آج صبح جاری کیے گئے ایک بیان میں پولیس کانسٹیبل کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ’شرپسندوں کی جلدازجلد گرفتاری‘ کی ہدایت کی ہے۔

جواب دیں

Back to top button