اسرائیلی وزیراعظم کی لبنان کو تباہ کرنے کی دھمکی
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے لبنان کو تباہ کرنے کی دھمکی دے دی، ان کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کا جنگ میں شامل ہونا لبنان کیلئے تباہ کن ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ کو اسرائیل کے خلاف دوسرا محاذ کھولنے یا بڑے پیمانے پر ‘تباہ کن’ جوابی کارروائی کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لبنانی سرحد کے قریب اسرائیلی کمانڈوز سے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو نے کہا کہ اگر حزب اللہ بھی اس جنگ میں داخل ہوتی ہے تو یہ اپنی زندگی کی بہت بڑی غلطی کریں گے۔
انہوں نے حزب اللہ کو اسرائیل کے ساتھ دوسرا جنگی محاذ کھولنے کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنے سے اسرائیل کی طرف سے "ناقابل تصور” شدت کے جوابی حملے ہوں گے جو لبنان کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے۔
اسرائیلی وزیر اعظم یہ سخت پیغام اس وقت سامنے آیا ہے جب اس بات کا خدشہ بڑھ رہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کی جنگ مشرق وسطیٰ میں ایک بڑی جنگ کو بھڑکا سکتی ہے۔
دوسری جانب برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سنک نے کل رات خبردار کیا تھا کہ لڑائی سے خطے میں’تصادم کی وبا‘پھیلنے کا خطرہ ہے۔