انتخابات

خوشاب، گھوٹکی اور کوہاٹ کے مختلف پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ کا عمل جاری

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق آج پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے مختلف حلقوں کے متعدد پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہو رہی ہے۔

الیکشن کمیشن کے جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق قومی اسمبلی کی نشست این اے 88 (خوشاب ٹو) ، سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 18 (گھوٹکی) اور خیرپختونخوا اسمبلی کی نشست پی کے-90 (کوہاٹ) کے متعدد پولنگ سٹیشنز پر آج دوبارہ پولنگ ہو رہی ہے۔

کوہاٹ کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 90 میں آٹھ فروری کو ہونے والی پولنگ کے دوران نامعلوم افراد نے قبائلی علاقے درہ آدم خیل کے 12 پولنگ سٹیشنز پر دھاوا بول دیا تھا جس کے نتیجے میں مزید 13 پولنگ سٹیشنز متاثر ہوئے تھے۔

کشیدہ حالات پر قابو پانے کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے درہ آدم خیلکے 25 پولنگ سٹیشنز پر پولنگ روکتے ہوئے یہاں 15 فروری کو دوبارہ پولنگ کا کہا تھا۔

واضح رہے کہ حلقہ پی کے 90 میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار آفتاب عالم اور پیپلز پارٹی کے امجد خان آفریدی کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔

ووٹنگ کے عمل کو مکمل فل پروف سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے 25 پولنگ سٹیشنز کو تبدیل کر کے آٹھ پولنگ سٹیشن میں ضم کر دیا گیا ہے تا کہ سکیورٹی کے امور کی انجام دہی کو یقینی بنایا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عظمت اللہ وزیر کی جانب سے درہ آدم خیل میں آج عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔ اس وقت سخت سیکیورٹی کے حصار میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔

اس سے قبل ایک بیان میں ای سی پی نے کہا تھا کہ این اے 88 کے 26 پولنگ سٹیشنوں میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں گے کیونکہ پولنگ میٹریل کو ہجوم نے جلا دیا تھا۔

اس بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ پی ایس 18 کے دو پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ ہو گی کیونکہ وہاں ’نامعلوم افراد نے پولنگ کا سامان چھین لیا تھا۔‘

ای سی پی کے مطابق پی کے 90 کے ایک درجن سے زائد پولنگ سٹیشنوں میں دوبارہ انتخابات کی وجہ ’وہاں پولنگ میٹریل کو دہشت گردوں کی طرف سے نقصان پہنچانا‘ تھا۔

آج صبح سے ہی ان حلقوں میں عوام حق رائے دہی استعمال کرنے پہنچ گئے ہیں، پولنگ کا عمل شام پانچ بجے تک جاری رہے گا اور اس کے نتائج پولنگ کے 24 گھنٹے کے اندر متوقع ہیں۔

الیکشن کمیشن آئندہ چند دن میں قومی اسمبلی کے تمام 265 کامیاب امیدواروں کے ناموں کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دے گا۔

جواب دیں

Back to top button