حماس کے رہنما یحیی سنوار کے گھر میں تصویر بنوانے والا اسرائیلی فوج کا کمانڈر ہلاک
صیہونی حکومت کی فوج غزہ میں حماس کے رہنما یحیی السنوار کو تلاش کرنے میں ناکام رہی ہے۔
اسرائیلی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی فوج کی گولانی بریگیڈ کی بارھویں بٹالین کا کمانڈر، میجر” سیفی شعیوف” جس نے غزہ میں حماس کے رہنما یحیی السنوار کے گھر کے اندر اپنی تصویر کھنچوائی تھی، فلسطینی تحریک استقامت کے جوانوں کے ساتھ لڑائی میں ہلاک ہوگیا۔
دوسری جانب صیہونی حکومت نے گزشتہ 24 گھنٹے میں اپنے 27 فوجیوں کے زخمی ہونے کی خبر ایسی حالت میں دی ہے کہ پیر کے روز غزہ کے البریج کیمپ میں صیہونی فوجیوں کے راستے میں ایک بم دھماکے میں 9 صیہونی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ خود صیہونی ذرائع بھی اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں کہ صیہونی حکومت اپنے ہلاک اور زخمی ہونے والے فوجیوں کی صحیح تعداد کبھی نہیں بتاتی جو اس کی اعلان کردہ تعداد سے کئی گنا زیادہ ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ غزہ میں صیہونی حکومت کی فوج کو گھسے ہوئے کئی ماہ گذر چکے ہيں اور وہ غزہ میں حماس کے رہنما یحیی السنوار کو تلاش کرنے کی مسلسل کوششوں میں ناکام رہی ہے اور اب غزہ میں تحریک حماس کے سربراہ یحیی السنوار کو ڈھونڈ نکالنا اسرائیلی فوج کے لئے ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے ۔
یحیی السنوار کو طوفان الاقصی کا ماسٹرمائنڈ سمجھا جا رہا ہے۔