دنیا اسرائیل کو ہتھیار فراہم کررہی ہے، مسلم ریاستیں ہمیں اسلحہ دیں

حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے مسلم ریاستوں سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی مزاحمت کاروں کو ہتھیار فراہم کریں.
حماس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہانیہ نے دوحہ میں اپنے ایک خطاب میں کہا کہ "ہم دیکھتے ہیں کہ دنیا کے ممالک قابض اسرائیل کو بڑے پیمانے پر ہتھیار فراہم کررہے ہیں، وقت آگیا ہے کہ مسلم ریاستیں بھی حماس کو ہتھیاروں کے ساتھ تعاون فراہم کریں کیونکہ یہ صرف فلسطینی عوام کی جنگ نہیں ہے.
دوسری جانب غزہ پر مسلسل 95 ویں روز بھی اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری رہا، 24 گھنٹوں میں مزید 126 فلسطینی شہید ہوگئے جس کے بعد شہداء کی مجموعی تعداد 23 ہزار 210 اور زخمیوں کی تعداد 59 ہزار 167 ہوگئی ہے.
اسرائیل نے غزہ میں اپنے مزید 9 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے جس کے بعد زمینی جنگ کے دوران ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 185 ہوگئی ہے جبکہ 7 اکتوبر کے بعد سے اب تک ہلاک صیہونی فوجیوں کی تعداد 519 ہوگئی ہے، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 27 صیہونی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں.
دوسری جانب امریکی وزیرخارجہ اینٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے کہا ہے کہ وہ غزہ میں ’’شہریوں کو مزید نقصان‘‘ سے بچائے۔