حیرت انگیز

4 ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کرنے والا ’PhD سبزی والا‘ انٹرنیٹ پر وائرل

’پی ایچ ڈی سبزی والا‘ کے نام سے سبزی بیچنے والا بھارتی شخص سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔

بھارتی میڈیا ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق ’پی ایچ ڈی سبزی والا‘ کے نام سے انٹرنیٹ پر شہرت حاصل کرنے والے شخص کا تعلق بھارت کے صوبہ پنجاب سے ہے۔

39 سالہ ڈاکٹر سندیپ سنگھ نے 4 ماسٹرز کی ڈگریاں بھی حاصل کر رکھی ہیں مگر مناسب نوکری نہ ہونے کے سبب روزانہ گھر گھر جا کر سبزی بیچنے پر مجبور ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر سندیپ سنگھ سبزی بیچنے سے قبل 11 سال تک پٹیالہ کی پنجابی یونیورسٹی میں کنٹریکٹ پر پروفیسر رہے، بدقسمتی سے حالات نے اُنہیں نوکری چھوڑ کر سبزیاں بیچنے پر مجبور کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر سندیپ سنگھ نے قانون میں پی ایچ ڈی جبکہ پنجابی، صحافت اور سیاسیات میں چار ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کر رکھی ہیں جبکہ اُن کا تعلیم حاصل کرنے کا سفر ابھی بھی جاری ہے۔

سندیپ سنگھ کا اپنی نوکری سے متعلق بتانا ہے کہ ’مجھے نوکری چھوڑنی پڑی کیونکہ میری تنخواہ وقت پر نہیں ملتی تھی اور بار بار تنخواہ میں کٹوتی بھی ہوتی تھی، میرے لیے اس نوکری سے گزارہ کرنا مشکل ہو گیا تھا، اسی لیے میں نے اپنے اور خاندان کے اخراجات پورے کرنے کے لیے سبزیاں بیچنا شروع کر دیں۔‘

ڈاکٹر سندیپ سنگھ نے اپنی سبزیوں والی ٹوکری پر ایک بورڈ بھی لگا رکھا ہے جس پر ’پی ایچ ڈی سبزی والا‘ جیسے الفاظ درج ہیں۔

اُن کا کہنا ہے کہ وہ سبزیاں بیچ کر پروفیسر کی نوکری کے مقابلے میں زیادہ پیسے کماتا لیتے ہیں، پورا دن سبزی بیچنے کے بعد شام میں وہ اپنے گھر واپس چلے جاتے ہیں اور اپنے امتحان کے لیے پڑھائی کرتے ہیں۔

ڈاکٹر سندیپ سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ اپنا ذاتی ٹیوشن سینٹر کھولنا چاہتے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button