انتخابات

عمران خان کے این اے 122 سے کاغذات نامزدگی مسترد

لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 سے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے۔

ریٹرننگ آفیسر محمد اقبال نے اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم کے کاغذات نامزدگی پر فیصلہ سنایا۔ کاغذات نامزدگی پر اعتراض مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے میاں نصیر نے عائد کیا تھا۔

میاں نصیر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی توشہ خانہ کیس میں نااہل ہو چکے ہیں، ان کے تائید کنندہ اور تجویز کنندہ کا تعلق اس حلقے سے نہیں۔

ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے اعتراضات پر دو روز قبل فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔ دوسری جانب این اے 122 سے مجموعی طور پر 11 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے۔

بانی پی ٹی آئی کے این اے 122 سے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کے دوران وکیل میاں نصیر نے کہا تھا کہ سابق وزیر اعظم کی سزا معطل ہوئی ہے جرم نہیں، ان کا جرم برقرار ہے لہٰذا وہ الیکشن نہیں لڑ سکتے، ان کے تائید کنندہ اس حلقے سے نہیں جو قانون کی خلاف ورزی ہے۔

اس دوران وکیل بانی پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ الیکشن کمیشن کا سزا سے متعلق کوئی قانون ہی موجود نہیں، تائید کنندہ این اے 122کا ہی ووٹر تھا، 15 دسمبر کے بعد یہ حلقہ تبدیل ہوا۔

وکیل کا کہنا تھا کہ حلقہ بندی کے حوالے سے ہائی کورٹ نے حکم دیا جس پر تبدیلی ہوئی، جب یہ حلقہ بندی تبدیل ہوئی اس وقت الیکشن کا شیڈول آچکا تھا۔

ریٹرننگ افسر کے روبرو (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں تلخ کلامی بھی ہوئی تھی۔

جواب دیں

Back to top button