پشاور سے کراچی عوام ایکسپریس کی بحالی پر تاجر برادری حکومت کی مشکور

سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (SCCI) کی ریلوے /ڈرائی پورٹ سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ضیاء الحق سرحدی نے بدھ کے روز پشاور سے کراچی عوام ایکسپریس کی بحالی کو سراہا ہے
پشاور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس سروس گزشتہ سال سندھ اور ملک بھر میں سیلاب کی وجہ سے معطل تھی۔
عوام ایکسپریس کی افتتاحی تقریب یہاں پشاور کینٹ ریلوے اسٹیشن پر منعقد ہوئی جس میں ڈویژن سپرنٹنڈنٹ پشاور مقصود احمد جان، سرحد چیمبرآف کامرس کی ریلوے /ڈرائی پورٹ سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ضیاء الحق سرحدی اور ماڈل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹ چلڈرن ”زمونگ کور”پشاور کے بچوں نے شرکت کی۔
افتتاح کے موقع پر ضیا ء الحق سرحدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی تاجر برادری کے مطالبے پر عوام ایکسپریس کو بحال کیا گیا ہے جس پر انہوں نے چیئرمین ریلوے مظہر علی شاہ اور سی ای او ریلوے عامر بلوچ کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ خوشحال خان خٹک جو اندرون سندھ سے ہوتی ہوئی کراچی تک اور کراچی سے پشاور تک آتی تھی وہ بھی گزشتہ تین سالوں سے بند ہے جس کی وجہ سے صوبہ خیبرپختونخوا کے کاروباری حضرات اور مسافروں کو کافی مشکلات کا سامنا ہے اسے بھی بحال کیا جائے۔
ضیاء الحق سرحدی جو کہ پاک افغان جائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (PAJCCI) کے کوآرڈینیٹر بھی ہیں نے مزید کہاکہ ہمارے صوبے کو اللہ تعالیٰ نے ہر قسم کے خزانوں سے مالا مال کیا ہوا ہے ہمارے صوبے میں ماربل ،جیمز،سوپ سٹون، ہینڈی کرافٹ، جڑی بوٹیاں، شہد، فرنیچر، قالین،تمباکو اورماچس کی سب سے بڑی انڈسٹری ہمارے صوبے میں واقع ہے جبکہ ہمارے صوبے میں چار انڈسٹریل اسٹیٹ واقع ہیں یہ تمام گڈز پرائیویٹ ٹرکوں میں لوڈ ہو کر کراچی چلے جاتے ہیں اور کراچی ہی میں کسٹمز کلیئرنس ہو کر بیرون ملک ایکسپورٹ ہو جاتا ہے
اس اقدام سے ہمارے صوبے کے مزدور، کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس، ایکسپورٹر ودیگر کاروباری حضرات بے روزگار ہوگئے ہیں اور اسی طرح ہمارے انڈسٹریل اسٹیٹ کے کارخانوں کا خام مال،ریکنڈیشن گاڑیاں اور دیگر سامان کراچی سے پشاور تک گڈز ٹرین نہ ہونے کی وجہ سے پرائیویٹ ٹرکوں / بانڈڈ کیریئرٹرکوں میں آتا ہے جس کی وجہ سے ہمارا قومی ادارہ پاکستان ریلوے کروڑوں روپے کی آمدنی سے محروم ہے حالانکہ گڈز ٹرین کی وجہ سے ریلوے کو کروڑوں روپے کی انکم ہو سکتی ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ہمارا صوبہ بھی ترقی کرے گا۔