حماس کے جنگجوؤں کے حملوں میں مزید 7 اسرائیلی فوجی ہلاک
اسرائیلی فوج کے ٹینکوں اور فوجی گاڑیوں پرحماس کے جنگجوؤں کی جانب سے حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث 7 فوجی افسران ہلاک، کئی ٹینک اور گاڑیاں تباہ کردی گئیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کے کمانڈر کی ہمر جیپ کو اینٹی آرمر میزائل سے اڑادیا گیا، اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے تباہ مکانات جنگجوؤں کی محفوظ پناہ گاہوں میں تبدیل ہوچکے ہیں۔
بحیرہ احمر میں دو جہازوں کو یمن کے حوثیوں نے نشانہ بنایا جبکہ حماس نے یرغمال تین بوڑھے اسرائیلیوں کی بھی ویڈیو جاری کردی، تینوں اسرائیلیوں نے نیتن یاہو حکومت سے انہیں بچانے کی اپیل کی۔
دوسری جانب امریکا نے یمن کے حوثیوں کی جانب سے بحیرہ احمر میں جہازوں پر کئے جانے والے حملوں کے جواب میں 10 ملکی اتحاد کا اعلان کر دیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا، برطانیہ اور کینیڈا کے علاوہ دیگر ملکوں میں، فرانس، اٹلی، اسپین، ناروے، نیدر لینڈز، بحرین اور Seychelle شامل ہیں۔
حوثیوں کے حملوں کے خلاف امریکی وزیر دفاع نے بین الاقوامی میری ٹائم اتحاد بنانے کا اعلان کیا تھا۔جبکہ ایران کی جانب سے خبردار کیا گیا تھا کہ اس طرح کے اتحاد کو ’غیر معمولی مسائل‘ کا سامنا کرنا پڑے گا۔