خبریںسیاسیات

شاہد خاقان عباسی کا الیکشن نہ لڑنے کا اعلان

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے 8 فروری 2024 کے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے چیف جسٹس کا حکم ہے، اس لیے 8 فروری کو الیکشن تو ہر صورت ہوں گے تاہم میں اس الیکشن میں حصہ نہیں لوں گا۔

شاہد خاقان عباسی جو ان دنوں اپنی پارٹی ن لیگ سے قدرے فاصلہ رکھ رہے ہیں جب ان سے صحافیوں نے ن لیگ کو چھوڑنے یا کوئی نئی پارٹی بنانے سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے اس کا جواب دینے سے گریز کیا اور صرف اتنا ہی کہا کہ نواز شریف نے رابطہ نہیں کیا اور نہ مجھے ضرورت ہے۔

ملکی سیاسی صورتحال پر مزید گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کل لیول پلیئنگ فیلڈ کا چرچا ہے، اسی لیول پلئینگ فیلڈ سے تحریک انصاف آئی تھی اور آج بھی یہی حالات ہیں۔ لیول پلیئنگ فیلڈ کیا ہوتی ہے، اصل میں تو ملک میں آئین اور قانون ہوتا ہے۔

کیا توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ کیس بدنیتی پر مبنی ہیں؟ ایک صحافی کے سوال پر سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہی عدالتیں ہیں اور یہی نظام ہے، ابھی نہیں تو 5، 6 سال بعد انصاف ملے گا۔

سابق وزیراعطم نے کہا کہ چار سال سے ایک میٹنگ اٹینڈ کرنے پر نیب کی عدالتوں میں کھڑے ہیں، یہی عدالتیں ہیں یہ ہی انکا انصاف ہے، کیا آج کے نیب چیئرمین کو بھی نہیں پتہ کہ لوگوں کی زندگیاں تباہ ہو رہی ہیں، آج اس ملک میں جو ظلم ہو رہا ہے اسکا حساب کون دے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج اس کیس کو پانچواں سال شروع ہو گیا۔ چار سالوں میں ایک گواہ آیا ہے، ایک کیس پہلے بنا تھا وہ ختم ہوگیا اور یہ بھی ختم ہو جائے گا لیکن اس نظام کے ساتھ آپ کا ملک نہیں چلے گا کہ جب بری ہو جائیں تو کہا جائے گا کہ انصاف ہو گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button