
لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں پیر کے روز جسٹس شہرام سرور چوہدری نے شیر افضل مروت کی نظر بندی کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران نگران حکومت کی جانب سے خواجہ محسن عباس ایڈووکیٹ نے جواب جمع کروایا جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ شیر افضل مروت کی نظر بندی کے خلاف درخواست گزار متعلقہ فورم پر رجوع کریں۔
یاد رہے چند روز قبل لاہور پولیس نے شیر افضل مروت کو ’نقضِ امن کا باعث بننے پر‘ تھری ایم پی او کے تحت لاہور ہائی کورٹ کے باہر سے گرفتار کیا تھا۔
یہ بھی یاد رہے کہ شیر افضل مروت پر سوشل میڈیا کے ذریعے ریاستی اداروں کے خلاف عوام کو اکسانے کے الزام میں رواں سال اکتوبر میں بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
عدالت نے سرکاری وکیل کے جواب اور فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنانے ہوئے پنجاب کی استدعا مسترد کر دی اور ڈپٹی کمشنر کے سامنے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے بعد شیر افضل مروت کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔