سپریم کورٹ کی جانب سے عام انتخابات کا شیڈول آج ہی جاری کرنے کے حکم پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا بیان سامنے آگیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ الیکشن شیڈول تیار ہے، میں نے کبھی نہیں کہا الیکشن میں تاخیر ہو سکتی ہے۔
انہوں نے سوال پوچھنے والے صحافی کو کہا کہ خبر دینے سے پہلے تصدیق کر لیا کریں، کل ہمارا اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا تھا، آج ہم نے دو رپورٹس بنائی ہوئی تھیں۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سے ہونے والی ملاقات کے بارے میں سکندر سلطان راجہ نے بتایا کہ ملاقات خوش گوار رہی، ڈی سی اسلام آباد کا کوئی بڑا ایشو نہیں ہے اس متعلق تمام معاملات کو دیکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ’بڑے بڑے برج الٹ گئے۔‘
سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ انتخابی شیڈول کچھ دیر میں جاری کریں گے، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سکیورٹی صورتحال تشویشناک ہے مگر دعاگوں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کر رہے ہیں۔
غیر رسمی گفتگو میں سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ سربراہ پی ٹی آئی میرے پسندیدہ کھلاڑی تھے، میرے گھر میں ان کی تصویر لگی ہوئی ہے۔
سپریم کورٹ نے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا جس میں او آوز اور ڈی او آوز کی تربیت روکنے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا ہے کہ وہ آج ہی انتخابات کا شیڈول جاری کرے۔
دوسری جانب، الیکشن کمیشن کا انتخابی شیڈول سے متعلق اجلاس کچھ دیر بعد ہوگا جس کیلیے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کمیشن پہنچ گئے۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان اور ڈی جی الیکشن کمیشن پہنچ گئے جبکہ قانونی ٹیم بھی موجود ہے۔