
سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے والد کو انصاف دلانے کیلئے لندن میں کیس کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثنا کی جانب سے دائرکردہ کیس میں پھانسی کی دفعات ہیں ، نظر آرہاہےکہ سزادینےمیں جلدی کی جارہی ہے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ کسی کو یقین نہیں تھا کہ ذوالفقاربھٹو کو پھانسی دی جائےگی، اب بانی پی ٹی آئی کو بھی اسی راستے پر لےجایا جارہا ہے لیکن بانی پی ٹی آئی کو پھانسی کےپھندے تک نہیں جانے دیں گے۔
بانی پی ٹی آئی کی بہن نے بتایا کہ فیصلہ کرلیا ہے امریکا اور برطانیہ میں کیس دائر کریں گے، امریکا میں ڈونلڈ لو کیخلاف کیس دائر کیا جائے گا اور بانی پی ٹی آئی کے بیٹے برطانیہ میں کیس دائر کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے بھی امریکا اور برطانیہ میں کیس دائرکرنے پر اتفاق کیا ہے۔