شام نے دمشق پر اسرائیلی میزائل حملے ناکام بنا دیئے
شام کے سرکاری میڈیا نے اتوار کی شام اطلاع دی ہے کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے دارالحکومت دمشق کے اطراف میں فائر کیے گئے اسرائیلی میزائلوں کو روک کر فضا ہی میں انہیں تباہ کر دیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ شامی فضائی دفاع نے دمشق کے آس پاس میں "دشمن کے اہداف کو روکا”۔
شام کی وزارت دفاع نے اعلان کیا کہ اسرائیل نے گولان کی پہاڑیوں کی سمت سے دمشق کے ارد گرد کے بعض مقامات پر فضائی حملہ کیا تھا۔
وزارت دفاع نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ "ہمارے فضائی دفاعی نظام نے جارحیت کے میزائلوں کا جواب دیا اور ان میں سے کچھ کو مار گرایا۔ ان سے صرف مادی نقصان ہوا ہے۔
دمشق کے قرب و جوار میں ایک ایجنسی فرانس پریس کے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ اس نے ایک عرصے تک دھماکوں کی آوازیں سنی جو پہلے کے مقابلے میں قدرے طویل تھیں۔
درایں اثناء سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی بمباری نے شام کے دارالحکومت کے آس پاس میں سیدہ زینب اور دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے علاقوں میں "لبنانی حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا”۔ آبزرویٹری کا کہنا ہے کہ بمباری "تین راؤنڈ میں کی گئی تھی”۔
آبزرویٹری کے مطابق لبنانی حزب اللہ اور تہران کے وفادار جنگجو گروپوں کے ہیڈ کوارٹر اور ہتھیاروں کے ڈپو حملےکی زد میں آئے ہیں۔
شام نے اپنی سرزمین پر اسرائیلی حملوں کے دوبارہ ہونے کے خلاف خبردار کیا تھا۔ شام نے کہا تھا کہ اس سے خطے میں تشدد میں غیرمعمولی اضافہ ہو سکتا ہے۔