چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے پوری طرح تیار اورپر عزم ہیں، پولنگ آٹھ فروری 2024 کو ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے قومی ووٹرز ڈے پر پیغام میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنی تمام آئینی اور قانونی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے، شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے پوری طرح تیاراورپر عزم ہیں۔
سکندر سلطان راجہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آپ کو یقین دلاتا ہے الیکشن کے دوران آپ کومکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا، آپ مکمل رازداری اور شفافیت کے ساتھ اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر نے قومی ووٹرزڈے پر عوام الناس سےاپیل کی اپناحق رائے دہی استعمال کریں اور الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔
انھوں نے کہا کہ عوام کو یاد رکھنا چاہیےکہ آپ کے ہاتھوں میں ووٹ کی طاقت ہے، اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کو سامنے رکھ کر اپنے ووٹ کا استعمال کریں، انتخابات کے سلسلے میں بے بنیاد خبروں اور افواہوں پر یقین نہ کریں، عوام سے اپیل ہے وہ انتخابی عمل میں بھر پور حصہ لیں، یہ عوام کا حق بھی ہے اور قومی فریضہ بھی ہے۔
سکندر سلطان راجہ نے بتایا کہ الیکشن کمیشن اس وقت آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں میں مصروف عمل ہے، حتمی انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ و ترسیل کا کام مکمل ہو چکا ہے، الیکشن کمیشن چند دن میں ڈی آراو،آراو،اسسٹنٹ افسران کانوٹیفکیشن جاری کر نےجا رہا ہے، چند روز میں الیکشن شیڈول دیا جائے گا اور پولنگ 8 فروری 2024کوہوگی۔