بحیرہ احمر میں امریکی نیوی کے جہاز پر حوثیوں کا ایک اور حملہ

امریکی سینٹرل کمان سینٹ کام نے بتایا ہے کہ بحیرۂ احمر میں گشت کرنے والے ایک امریکی جنگی جہاز نے آج یمن میں حوثیوں کے زیرِ قبضہ علاقوں سے داغے گئے متعدد حملہ آور ڈرونز کو ناکام بنایا ہے ۔
بیان کے مطابق ،حوثیوں نے خود کو ایران کے اتحادیوں کاحصہ قرار دیا ہے اور غزہ میں جنگ کے آغاز کے بعد اسرائیل کی طرف ڈرون اور میزائل حملوں کا ایک سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔
حوثیوں نے ایرانی نواز حماس کے ساتھ ملک کی جنگ میں اسرائیلی جہاز رانی کو نشانہ بنانے کی بھی دھمکی دی ہے۔
گزشتہ اتوار کے روز حوثیوں نے بحیرۂ احمر کے داخلی راستے پر اسرائیل سے منسلک ایک مال بردار بحری جہاز پر قبضہ کر لیا تھا۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ یہ قبضہ عالمی سطح پر نتائج و اثرات پیدا کرنے والا ایک انتہائی سنگین واقعہ تھا جبکہ ایک دیگر امریکی فوجی اہلکار نے کہا کہ یہ بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔