ایران نے اسرائیل پر جوابی میزائل حملہ کر دیا

امریکا اور اسرائیل کے اچانک حملے کے بعد ایران نے بھی اسرائیل پر جوابی حملہ کر دیا۔
ایرانی ٹی وی کا کہنا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر تقریباً 75 میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔
ایرانی پاسداران انقلابی گارڈز نے کہا کہ اسرائیل پر میزائل اور ڈرون سے پہلا حملہ شروع کیا ہے، اسرائیل کے خلاف میزائل ڈرون حملوں کی پہلی لہر لانچ کر دی۔
اسرائیلی فوج کے مطابق خطرے سے نمٹنے کے لیے دفاعی نظام آپریٹ کر رہے ہیں۔
ایران کی طرف سے میزائل اسرائیل کے شمالی علاقوں کی جانب داغے گئے ہیں۔
ایرانی حملے پر اسرائیلی حکام نے شہریوں کو شیلٹرز میں جانے کی ہدایت کر دی ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اس سے قبل ایرانی بیلسٹک میزائل حملے کے پیشِ نظر شمالی اسرائیلی میں سائرن بج اٹھے۔
اس سے پہلے ایرانی پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ایران جوابی کارروائی کی تیاری کر رہا ہے، ردِعمل انتہائی سخت ہو گا۔
ایرانی عہدیدار نے کہا تھا کہ ان حملوں کا اختتام اب آپ کے اختیار میں نہیں رہا۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی صدارتی محل اور سپریم لیڈر خامنہ ای کے کمپاؤنڈ کے قریب 7 میزائل گرے ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے اچانک ایران پر حملہ کر دیا ہے، جس کے بعد تہران کئی دھماکوں سے گونج اٹھا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران میں متعدد اسرائیلی میزائل یونیورسٹی اسٹریٹ اور جمہوری ایریا پر گرے ہیں۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ تہران کے مضافات اور کئی مقامات سے دھویں کے گہرے بادل اٹھتے دکھائی دیے ہیں، افراتفری کی صورتِ حال دیکھنے میں آ رہی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ یورینیم کی افزودگی نہ کرے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ اس حوالے سے ہونے والے مذاکرات میں ایران کے مؤقف سے مطمئن نہیں تھے۔







