Blogپاکستان

آپریشن غضب للحق: پاک فضائیہ، آرمی کے حملے، 133 افغان طالبان ہلاک، 200 سے زائد زخمی

پاکستان کا افغان طالبان رجیم کی جانب سے بلااشتعال کارروائی کے جواب میں آپریشن غضب للحق جاری ہے ، فضائیہ اور بری افواج کے حملے ، افغان طالبان کے 133 کارندے ہلاک، 200 سے زائد زخمی ہوگئے۔ 27 افغان چوکیاں مکمل تباہ اور 9 افغان پوسٹوں پر قبضہ کر کے پاکستان کا پرچم لہرا دیا گیا۔ 3 افغانی بٹالین اور سیکٹر ہیڈ کوارٹر مکمل تباہ اور اسلحہ ڈپو کو راکھ کا ڈھیر بنادیا۔ موثر جوابی کارروائی میں 80 سے زائد ٹینک، توپ خانہ اور بکتربند تباہ کردیئے، وطن کا دفاع کرتے ہوئے پاک فوج کے دو جوان شہید، تین زخمی ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ نے حملے شروع کردیئے ہیں، ننگرہار میں بڑا  ایمونیشن ڈیپو تباہ کردیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جانب سے افغان فورسز کی بلااشتعال جارحیت پر مؤثر کارروائی کی جارہی ہے۔

 ڈرونز کے ذریعے بھی چن چن کر افغان طالبان رجیم کی پوسٹیں ہدف ہیں، جنوبی وزیرستان میں پاک فوج کی کارروائی کرکے افغان طالبان کی داؤد پوسٹ تباہ کردی۔ افغان طالبان کی جانب سے کواڈ کاپٹر کے ذریعے پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی تمام کوششیں ناکام بنادیں۔

پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی سے افغان طالبان کے ٹھکانے تباہ اور خوارج بھاگ کھڑے ہوئے۔

ذرائع نے بتایا کہ چترال سیکٹر پر افغان طالبان کی چیک پوسٹ کو پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے نشانہ بنا کر تباہ کردیا۔ افغان طالبان نے پاک افغان سرحد کے مختلف مقامات پر فائرنگ کی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے جواب میں ناوگئی سیکٹر باجوڑ، تیراہ خیبر میں بھرپور جواب دیا۔ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے ضلع مہمند اور ارندو سیکٹر چترال میں بھی بھرپور جواب دیا۔ فورسز نے باجوڑ  میں افغان طالبان کی 2 چوکیاں تباہ کر دیں۔

پاک افغان سرحد پر مہمند میں گرسال سیکٹر میں پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی جاری ہے، گرسال سیکٹر میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کی چیک پوسٹیں تباہ کردیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کسی بھی قسم کی جارحیت کے خلاف سخت اور فوری جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی کواڈ کاپٹر کے ذریعے پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی، پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے تمام کواڈ کاپٹرز گرا دیے گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کے ذریعے گولہ باری جاری ہے۔ ڈرونز کے ذریعے بھی چن چن کر افغان طالبان رجیم کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کے میڈیا اور سوشل میڈیا پر جھوٹے دعوے اور فیک ویڈیوز کی بھرمار ہے۔

پاک فضائیہ نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے کابل، قندھار اور پکتیا میں اہم ملٹری تنصیبات تباہ کردیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فضائی کارروائیوں کے دوران کابل میں 2 بریگیڈ ہیڈکوارٹر تباہ ہوگئے۔ قندھار میں ایک کور ہیڈکوارٹر، ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر، ایمونیشن ڈیپو اور لاجسٹک بیس تباہ کردی گئی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پکتیا میں بھی کور ہیڈ کوارٹر کو تباہ کر دیا گیا ہے۔

پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے افغان پوسٹوں پر کنٹرول حاصل کیا اور وہاں قومی پرچم لہرا دیا۔

واضح پیغام دیا کہ سرحدی خلاف ورزی یا کسی بھی اشتعال انگیزی کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔پاک افغان سرحد پر کھڑے پاک فوج کے جوان مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔

باجوڑ بارڈر پر کھڑے پاک فوج کے جوان کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کو اندازہ نہیں کہ انہوں نے کس قوم کو للکارا ہے، اگر کوئی بھارت کے کہنے پر ہم سے پنگا لے گا تو اسے یہ پنگا بہت مہنگا پڑے گا۔

افغان طالبان کی اسلام دشمنی کھل کر سامنے آگئی باجوڑ میں مسجد کو بھی نشانہ بنا ڈالا، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی شیلنگ سے مسجد کی چھت اور دیگر حصے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

افغان طالبان کی اسلام دشمنی کھل کر سامنے آگئی باجوڑ میں مسجد کو بھی نشانہ بنا ڈالا، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی شیلنگ سے مسجد کی چھت اور دیگر حصے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

پاک فوج کے ہاتھوں ہزیمت اٹھانے کے بعد افغان طالبان نے سول آبادی پر حملے کردیئے، جن میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے فائر کئے گئے گولے باجوڑ کے علاقے لغڑئی اور گرد و نواح میں گرے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ باجوڑ میں مارٹر گولے گرنے سے 5 افراد زخمی ہوگئے جس میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔

اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی افراد کو خار اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان امن اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ امن کو کمزوری سمجھنے والے مضبوط جواب کے لیے تیار رہیں، کوئی بھی دشمن ہماری پہنچ سے باہر نہیں ہوگا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ قومی سلامتی پر کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلح افواج ملک کی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، افواج کا عزم ہے ملک کے امن اور تحفظ پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ افواج جارحانہ عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں افواج جذبے کے ساتھ فرائض انجام دے رہی ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ وطنِ عزیز کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، دشمن کو ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اب ہماری تمھاری کھلی جنگ، اب دما دم مست قلندر ہوگا، پاکستان کی فوج سمندر پار سے نہیں آئی، ہم تمہارے ہمسائے ہیں، تمہاری اوقات جانتے ہیں۔

اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا، جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے۔ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ افغان طالبان نے حملہ کرکے بھیانک غلطی کی، افغان طالبان کی جارحیت پر پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ افغان طالبان کی جارحیت ناقابل برداشت ہے، افغان طالبان کو سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔

جواب دیں

Back to top button