حملہ آور باپ نے بھارتی اور بیٹے نے آسٹریلوی پاسپورٹ پر فلپائن کا دورہ کیا، حکام کی تصدیق

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بونڈی ساحل پر فائرنگ کے واقعے سے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ حملے میں ملوث باپ بیٹا نومبر کا تقریباً پورا مہینہ فلپائن میں رہے، والد فلپائن میں بھارتی شہری کے طور پر داخل ہوا تھا۔
ساجد اکرم اور ان کے بیٹے نوید جن پر سڈنی کے بونڈی بیچ پر حنوکہ کی تقریب کے دوران 15 افراد کو ہلاک اور درجنوں کو زخمی کرنے کا الزام ہے، یکم نومبر کو فلپائن پہنچے تھے، جہاں ان کی آخری منزل جنوبی صوبہ داواؤ درج تھی۔
منیلا امیگریشن کی ترجمان ڈینا سینڈوول نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’پچاس سالہ بھارتی شہری ساجد اکرم اور 24 سالہ آسٹریلوی شہری نوید اکرم یکم نومبر 2025 کو سڈنی، آسٹریلیا سے اکٹھے فلپائن پہنچے اور 28 نومبر کو روانہ ہو گئے۔‘
آسٹریلوی پولیس نے منگل کو کہا کہ دونوں افراد گزشتہ ماہ فلپائن گئے تھے اور اس سفر کے مقصد کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
فلپائنی پولیس نے بھی کہا ہے کہ وہ اس معاملے کی چھان بین کر رہی ہے۔
فلپائن میں داعش سے منسلک نیٹ ورکس کی موجودگی رہی ہے، جن کا ملک کے جنوبی حصوں میں کچھ اثر و رسوخ رہا ہے۔ تاہم حالیہ برسوں میں یہ نیٹ ورکس کمزور سیلز تک محدود ہو چکا ہے۔







