انڈین فضائیہ کے سابق افسر پاکستانی انٹیلیجنس ایجنٹس کے ساتھ مبینہ رابطے رکھنے کے الزام میں گرفتار

انڈیا کی ریاست آسام کے شہر تیزپور میں انڈین فضائیہ کے ایک ریٹائرڈ افسر کو پاکستانی انٹیلیجنس ایجنٹس کے ساتھ مبینہ روابط اور ملک کے دفاع سے متعلق دستاویزات شیئر کرنے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ضلع سونتپور کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) بارُن پرکیستھا نے کلندرا شرما نامی شخص کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
انھوں نے بی بی سی ہندی کو بتایا کہ: ’کلندرا شرما نامی شخص کو جمعے کو گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس کے پاس انٹیلیجنس تھی کہ وہ پاکستانی ایجنٹس کے ساتھ رابطے میں ہیں۔‘
’ایئرفورس سے ریٹائر ہونے والا شخص گذشتہ دو ہفتوں سے ہمارے زیرِ نگرانی تھا۔ اس متعلق ان سے کئی دستاویزات برآمد ہوئی ہیں، کچھ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بھی ضبط کیا گیا ہے۔‘
پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ’پولیس نے ملزم کا پانچ روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔ انھیں انڈیا کی سالمیت اور خودمختاری کو خطرے میں ڈالنے اور انڈین حکومت کے خلاف بغاوت کرنے، مجرمانہ سازش کرنے اور شواہد مٹانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔‘
پولیس کی مہیا کی گئی معلومات کے مطابق ملزم سنہ 2002 میں ایئر فورس سے بطور افسر ریٹائر ہوا تھا اور گذشتہ تین برسوں سے تیزپور یونیورسٹی میں بطور ٹیکنیکل اسسٹنٹ کام کر رہا تھا۔
ایک پولیس افسر کا کہنا ہے کہ انھیں ابتدائی تحقیقات کے بعد معلوم ہوا ہے کہ ملزم نے قومی سلامتی سے متعلق کچھ اہم معلومات نامعلوم لوگوں کے ساتھ شیئر کی تھی۔







