لا اینڈ جسٹس کمیشن کے رکن سابق اٹارنی جنرل مخدوم علی خان بھی مستعفی ہوگئے

سپریم کورٹ ججز کے بعد لا اینڈ جسٹس کمیشن کے رکن و سابق اٹارنی جنرل مخدوم علی خان نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
سپریم کورٹ کے دو ججز جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ کے مستعفی ہونے کے کچھ دیر بعد لا اینڈ جسٹس کمیشن کے رکن مخدوم علی خان بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔
مخدوم علی خان نے بھی استعفیٰ 27 ویں آئینی ترمیم کے تناظر میں دیا ہے اور اپنا استعفی چیف جسٹس کو بھجوا دیا۔ چیف جسٹس یحیحیٰ آفریدی نے بطور چیئرمین لا اینڈ جسٹس کمیشن مخدوم علی خان کو ممبر مقرر کیا تھا۔
مخدوم علی خان نے اپنے استعفے میں لکھا کہ آئینی ترمیم کے بعد نوجوان وکلاء کے چہروں پر چھائی اداسی کو دیکھ اور محسوس کر سکتا ہوں، خیال تھا کہ 26 ویں ترمیم کے بعد بھی زوال سے بچنا ممکن ہے، حقیقت پسندوں نے خبردار کیا تھا کہ میں حقیقت سے بے خبر ہوں، زخموں سے چور ہو چکا تھا لیکن ڈوبا نہیں تھا، امید تھی کہ وکالت کامیاب ہوگی اور بہتری کا راستہ نکلے گا۔
مخدوم علی خان نے استعفے میں مزید کہا کہ 27 ویں ترمیم نے آزاد عدلیہ کا جہاز مکمل ڈبو دیا، آزاد عدلیہ تباہ ہوچکی اب قانون و انصاف کمیشن کا حصہ نہیں رہ سکتا، قانون و انصاف کمیشن کے قیام کا مقصد قوانین کی اصلاح کرنا تھا، آزاد عدلیہ کے بغیر قانون کی اصلاح ممکن نہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ کے 2 اہم ججز نے 27ویں آئینی ترمیم کو آئین پر حملہ قرار دیتے ہوئے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔






