سیاسیات

اسلام آباد کچہری میں خودکش حملہ ویک اپ کال ہے، یہ سارے پاکستان کی جنگ ہے: خواجہ آصف

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کچہری کے باہر ہونے والے دھماکے کے ردعمل میں پاکستان کے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ’کابل حکمران پاکستان میں دہشت گردی کو روک سکتے ہیں لیکن اسلام آباد تک اس جنگ کو لانا کابل سے ایک پیغام ہے جس کا پاکستان بھر پور جواب دینے کی قوت رکھتا ہے۔‘

واضح رہے کہ پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر جی الیون میں آج کچہری کے باہر دھماکہ ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق اس دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد زخمی ہوئے ہیں تاہم پولیس ابھی تک اس دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں کر سکی ہے۔

سوشل میڈیا ایکس پر اپنے پیغام میں خواجہ آصف نے مزید لکھا کہ ’ہم حالت جنگ میں ہیں، کوئی یہ سمجھے کہ پاکستان فوج یہ جنگ افغان پاکستان سرحدی علاقے میں اور بلوچستان کے دور دراز علاقے میں لڑ رہی ہے تو آج اسلام آباد کچہری میں خود کش حملہ ویک اپ کال (جاگ اٹھنے کا وقت) ہے کہ یہ سارے پاکستان کی جنگ ہے۔ جس میں پاکستان فوج روز قربانیاں دے رہی ہے اور عوام کو تحفظ کا احساس دلا رہی ہے۔‘

خواجہ آصف نے مزید لکھا ہے کہ ’اس ماحول میں کابل حکمرانوں سے کامیاب مذاکرات سے زیادہ امید رکھنا عبث ہو گا۔ کابل حکمران پاکستان میں دہشت گردی کو روک سکتے ہیں لیکن اسلام آباد تک اس جنگ کو لانا کابل سے ایک پیغام ہے جس کا پاکستان بھر پور جواب دینے کی قوت رکھتا ہے۔‘

جواب دیں

Back to top button