27ویں آئینی ترمیم منظوری کے لیے آج سینٹ میں پیش کی جائے گی

سینیٹ سیکریٹیریٹ کی جانب سے جاری ایجنڈے کے مطابق، پیر کے روز صبح گیارہ بجے سینٹ کا اجلاس کا منعقد ہو گا جس میں 27ویں آئینی ترمیم کا بل منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
ایجنڈے کے مطابق، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے چیئرمین فاروق ایچ نائیک اس ترمیم کے متعلق قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کریں گے۔
ریڈیو پاکستان کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس بھی آج شام ساڑھے چار بجے ہو گا اور 27ویں آئینی ترمیم کے بل کا مسودہ بحث کے لیے پیش کیے جانے کی توقع ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز سینیٹ اور قومی اسمبلی کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی برائے قانون و انصاف نے 27ویں آئینی ترمیم کے بنیادی مسودہ کی منظور دے دی تھی۔
27ویں آئینی ترمیم میں مسلح افواج سے متعلق آئین کے آرٹیکل 243 میں ردوبدل، آئینی عدالت کے قیام اور ہائی کورٹ کے ججز کے تبادلوں سے متعلق تجاویز زیرِ غور ہیں۔
اتوار کے روز وزیرِ اعظم شہباز شریف نے حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کے اعزاز میں ایک عشائیہ دیا۔ اس دوران، وزیر اعظم نے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے عمل میں ان کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری اور تمام اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کے مشکور ہیں جنھوں نے اس قومی سوچ کا بھرپور ساتھ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاق کی مضبوطی، ملک کے وسیع مفاد، صوبوں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے اور گورننس کو بہتر کرنے کے لیے 27ویں آئینی ترمیم کے لیے ہم سب نے مل کر کوشش کی۔







