نیو یارک کا میئر کون ہوگا؟ ڈرامائی انتخاب سے ایک دن قبل زہران ممدانی کو برتری حاصل

ایک غیر متوقع انتخابی مہم کے بعد نیویارک کے شہری منگل کو ایک نئے میئر کا انتخاب کریں گے، اس انتخابی مہم نے امریکا کے سب سے بڑے شہر میں زیادہ وسیع توجہ حاصل کی ہے، بالخصوص اس وقت جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صفِ اول کے امیدوار زہران ممدانی کو ’کمیونسٹ‘ قرار دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کے نمایاں امیدوار زہران ممدانی پیدائشی شہریت یافتہ مسلمان امریکی ہیں اور ریاستی اسمبلی میں کوئنز کی نمائندگی کرتے ہیں، انہیں سابق گورنر اینڈریو کومو پر سبقت حاصل ہو رہی ہے۔
کومو پر جنسی ہراسانی کے الزامات بھی عائد ہیں، وہ اپنی پارٹی کے پرائمری انتخابات میں ممدانی سے شکست کے بعد آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔
ریپبلکن پارٹی کے 71 سالہ امیدوار کرٹس سلیوا تیسرے نمبر پر ہیں، وہ ’گارڈین اینجلز‘ نامی رضاکارانہ گروپ کے بانی، معروف ریڈیو نشریاتی شخصیت اور بلیوں سے محبت رکھنے والے شخص کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
یونیورسٹی آف کوئنی پیاک کے 23 سے 27 اکتوبر کے درمیان کیے گئے تازہ ترین سروے کے مطابق، ممدانی 43 فیصد ووٹ حاصل کر رہے ہیں، جب کہ کومو کو 33 فیصد اور سلیوا کو 14 فیصد ووٹ ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
انتخابی مہم کے بنیادی موضوعات زندگی کی بڑھتی ہوئی لاگت، جرائم کی شرح، اور اس سوال کے گرد گھوم رہے ہیں کہ ہر امیدوار ٹرمپ سے کس طرح نمٹے گا، جو دھمکی دے چکے ہیں کہ وہ شہر کے وفاقی فنڈز روک سکتے ہیں۔
کولمبیا یونیورسٹی کے سیاسیات کے پروفیسر لنکن مچل نے کہا کہ ممدانی ایک غیر معمولی سیاسی شخصیت ہیں، جو موجودہ دور کے جذبات کی عکاسی کرتے ہیں، یہ وہ لمحہ ہے جب امریکا کے سب سے بڑے شہر میں ٹرمپ مخالف آواز عالمی خبروں میں جگہ پا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صاف الفاظ میں، نیویارک کے ایک مسلم میئر کا امیدوار ہونا بذاتِ خود ایک بڑی خبر ہے۔
34 سالہ ممدانی نے اپنے مخالفین پر اسلام مخالف بیانات دینے کا الزام عائد کیا ہے، اور کہا ہے کہ ریپبلکنز اور ڈیموکریٹس دونوں نے اسلاموفوبیا کے اس رجحان کو پھیلایا، جو ہمارے شہر میں جڑیں پکڑ چکا ہے۔
نیویارک سٹی الیکشن بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق، ابتدائی ووٹنگ کے پہلے 5 دن (جو 2 نومبر کو ختم ہو رہی ہے) کے دوران 2 لاکھ 75 ہزار 6 ڈیموکریٹس، 46 ہزار 115 ریپبلکنز اور 42 ہزار 383 غیر جماعتی ووٹرز نے ووٹ ڈالے ہیں۔







