رومانس کی اداکاری بہتر طریقے سے کرلیتی ہوں

اداکارہ صبا قمر نے رومانوی مناظر کی شوٹنگ سے متعلق اپنے تجربات اور مشکلات پر کھل کر بات کی۔
صبا قمر نے حال ہی میں گرین انٹرٹینمنٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری میں اپنے ابتدائی دنوں، سینئر اداکاروں کے رویے اور اداکاری کے مختلف پہلوؤں پر کھل کر بات کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ جب انہوں نے نئی نئی اداکاری کا آغاز کیا تو اس وقت سینئر فنکاروں نے انہیں کافی مشکل وقت دیا۔
ان کے مطابق سینئرز چھوٹی سے چھوٹی بات پر غلطی نکالتے تھے اور ان کا رویہ ہمیشہ یہ ظاہر کرتا تھا کہ وہ اس فیلڈ میں زیادہ تجربہ کار ہیں۔
تاہم، صبا قمر کا کہنا تھا کہ انہی حالات نے ان کی اداکاری کو نکھارا اور انہیں اتنا مضبوط بنادیا کہ اب وہ بڑے سے بڑے مجمعے کے سامنے بھی باآسانی پرفارم کرسکتی ہیں۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ سینئرز کو نئے آنے والے اداکاروں کے ساتھ سخت رویہ نہیں اپنانا چاہیے اور نہ ہی ہر وقت ان پر عقلمندی ظاہر کرنی چاہیے، کیونکہ اس سے نئے فنکار کھل کر کام نہیں کر پاتے اور دباؤ کا شکار ہوجاتے ہیں۔
صبا قمر نے بتایا کہ وہ خود اپنے جونیئرز کے ساتھ ہمیشہ اچھا برتاؤ کرتی ہیں تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ کام کرسکیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارے معاشرے میں بچپن سے رومانس کرنا نہیں سکھایا جاتا، اسی لیے شوٹنگ کے دوران جب رومانوی مناظر کرنے ہوتے ہیں تو فنکاروں کا رویہ عجیب ہوجاتا ہے۔
ان کے مطابق لڑکوں کا لہجہ سخت اور رویہ کرخت ہوجاتا ہے، جب کہ لڑکیاں جھجک اور کشمکش کا شکار ہوجاتی ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ جب اداکاروں کو شوٹنگ کے دوران رومانوی مناظر کرنے پڑتے ہیں تو اکثر انہیں سمجھ نہیں آتا کہ کیا کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈراموں میں چونکہ رونے دھونے والے مناظر زیادہ ہوتے ہیں، اس لیے وہ آسانی سے رونے کی اداکاری کرلیتی ہیں اور اس میں انہیں مزہ بھی آتا ہے، تاہم اب وقت کے ساتھ ساتھ انہیں رومانٹک سینز کرنے میں بھی لطف نے لگا ہے کیونکہ اب وہ رومانس کی اداکاری بہتر طریقے سے کرلیتی ہیں۔






