جرم و سزا

دیامر کے علاقے تھور سے واپڈا کے 2 افسران اغوا

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے علاقے تھور (چلاس) سے واپڈا کے 2 افسران کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا ہے، یہ واقعہ دیامر بھاشا ڈیم کے تعمیراتی مقام کے قریب پیش آیا۔

 سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ اغوا کیے گئے دونوں افسران کا تعلق پنجاب سے ہے اور وہ دیامر بھاشا ڈیم منصوبے پر کام کر رہے تھے۔

پولیس کے مطابق، ہفتے کو چھٹی کے دن وہ 6 مقامی ساتھیوں کے ہمراہ اخروٹ خریدنے کے لیے تھور کے علاقے گبر گئے تھے، وہاں پہنچنے پر عسکریت پسندوں نے انہیں روک لیا اور اغوا کر کے قریبی پہاڑی علاقے کی طرف لے گئے۔

ایک سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ علاقہ پہلے سے ہی عسکریت پسندوں کے ٹھکانے کے طور پر جانا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال اگست میں تھور کے قریب قراقرم ہائی وے پر ایک چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے گلگت بلتستان اسکاؤٹس کے 2 اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوا تھا۔

جواب دیں

Back to top button