پاکستان

جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کو 78 سال مکمل، پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم سیاہ

جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کو 78 سال مکمل ہوگئے، دنیا بھر میں کشمیری و پاکستانی برادری آج یومِ سیاہ منارہی ہے، صبح 10 بجے ملک بھر میں کشمیری شہدا کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، آزاد کشمیر سمیت پاکستان بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم شہریوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔

27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے جموں و کشمیر میں اپنی فوجیں اتاری تھیں اور ایک بڑے حصے پر غاصبانہ قبضہ کر لیا تھا، جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کو 78 سال مکمل ہونے پر دنیا بھر میں کشمیری و پاکستانی عوام آج یوم سیاہ منارہے ہیں، صبح 10 بجے ملک بھر میں سائرن بجائے جانے کے بعد کشمیری شہدا کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

اسلام آباد کی شاہراہِ دستور، پارلیمنٹ ہاؤس اور ڈی چوک پر ’کشمیر بنے گا پاکستان‘ کے بینرز آویزاں کردیے گئے، اسلام آباد میں دفتر خارجہ سے ڈی چوک تک یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا، شرکا نے عالمی برادری سے کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں پر جواب دہ ٹھہرائیں، بھارتی مظالم کو فوراً بند کرانے کے لیے اقدامات کریں اور اس دیرینہ تنازع کے پُرامن حل کے لیے فعال کردار ادا کریں۔

صدر مملکت نے کہا کہ اقوام متحدہ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ کشمیری عوام کے حق میں اپنا کردار ادا کرے۔

جواب دیں

Back to top button