دبئی کے ہوٹل میں 2 لاکھ 75 ہزار روپے کا ایک کپ کافی متعارف

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی کے مقامی کیفے ’جولیتھ‘ نے دنیا کی سب سے قیمتی کافی ’نیڈو 7 گییشا‘ یکم نومبر سے فروخت کے لیے پیش کرنے کا اعلان کر دیا۔
خلیجی اخبار ’گلف نیوز‘ کے مطابق ’نیڈو 7 گییشا‘ کافی کے ایک کپ کی قیمت 3 ہزار 600درہم (تقریباً 2 لاکھ 75 ہزار پاکستانی روپے) مقرر رکھی گئی ہے۔
کیفے انتطامیہ کے مطابق ’نیڈو 7 گییشا‘ محض ایک مشروب نہیں بلکہ فطرت اور فن کا شاہکار ہے جو زندگی بھر کی یادگار بن جائے گا۔
کیفے انتظامیہ نے کافی کے حوالے سے بتایا کہ وہ کوئی مارکیٹنگ ٹرک یا شو آف نہیں کر رہے بلکہ ’نیڈو 7 گییشا‘ کافی کو دبئی میں فروخت کرنا فطرت کا معجزہ اور انسانی محنت کا نتیجہ ہے۔
منتظمین کے مطابق دنیا میں صرف چند خوش نصیب لوگ ہی اسے چکھ سکیں گے، مذکورہ کافی دبئی میں پہلی بار دستیاب ہو رہی ہے، کافی کا ہر کپ تاریخ کا ایک قیمتی ٹکڑا بن جائے گا۔
مذکورہ دنیا کی نایاب اور قیمتی کافی کے چند دانے انتظامیہ نے دبئی کے شاہی خاندان کے لیے الگ محفوظ کر لیے ہیں۔
دبئی کے کیفے میں جلد فروخت کے لیے پیش کی جانے والی مذکورہ کافی کی مجموعی عالمی مقدار صرف 20 کلو گرام ہے اور کیفے نے ’نیڈو 7 گییشا‘ نامی کافی کو عالمی آکشن کے بعد حاصل کیا۔
مذکورہ کافی کو حاصل کرنے کے لیے دنیا بھر کے 549 کیفیز اور شائقین نے بولیاں لگائیں تھی، دبئی کے جولیتھ کیفے نے پورا لاٹ 22 لاکھ 18 ہزار درہم ( تقریبا 6 لاکھ 40 ہزار ڈالر) کی بولی لگا کر حاصل کیا۔
دبئی کے کیفے پر مذکورہ کافی یکم نومبر 2025 سے دستیاب ہوگی اور اس کی دستیابی چند دنوں تک ہی رہے گی، کیوں کہ کافی کی مقدار محض 20 کلو ہے۔
کیفے انتظامیہ کے مطابق کافی کا سنگل سادہ کپ 3,600 درہم یعنی پاکستانی 2 لاکھ 75 ہزار روپے تک فراہم کیا جائے گا۔
انتظامیہ کے مطابق مہمانوں کے خصوصی سیشن میں صرف ایک سے چار مہمانوں کے لیے اسی کافی کی انتہائی نایاب پاناما کی بلند پہاڑیوں کی خاص آب و ہوا سے احتیاط سے لاکر بھونی گئی گلابی خوشبو و تیز ذائقہ کافی کا کپ بھی دستیاب ہوگا۔







