مریدکے: تحریک لبیک کے کارکنوں کو منتشر کرنے کی کارروائی کے دوران ایس ایچ او ہلاک
شیخوپورہ پولیس کے ترجمان رانا یونس نے تصدیق کی ہے کہ تحریک لبیک کے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پیر کی علی الصبح کی گئی کارروائی کے دوران ایس ایچ او انسپیکٹر شہزاد نواز جھمٹ پیٹ میں گولی لگنے کے باعث ہلاک ہو گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق انسپیکٹر شہزاد نواز ایس ایچ او تھانہ فیکٹری ایریا تعینات تھے۔
دوسری جانب تحریک لبیک پاکستان کا دعویٰ ہے کہ اس کارروائی کے دوران ان کے درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں، تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق ممکن نہیں ہو سکی ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے مسلح جتھوں کو امن و امان میں خلل کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔
رانا یونس نے مزید بتایا کہ انسپیکٹر شہزاد نواز جھمٹ کی میت کو پوسٹ مارٹم کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس لائنز شیخوپورہ لایا جا رہا ہے جہاں آج دوپہر کو ان کی نماز جنازہ ادا کر دی جائے گی۔
پولیس ترجمان کے مطابق اس آپریشن میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جن کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے جبکہ شدید زخمی ہونے والے اہلکاروں کو لاہور کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب پولیس کے ایک سینیئر افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایس ایچ او کی ہلاکت اور 17 اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ زخمی ہونے والے چھ پولیس اہلکاروں کی حالت نازک ہے۔







