سیاسیات
نئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے انتخاب کیلئے 4 امیدوار میدان میں آگئے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی کا مرحلہ اختتام پذیر ہوگیا، 4 امیدواروں نے کاغذات جمع کرادیے ہیں اور آج شام کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔
نئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے انتخاب کے لیے 4 امیدوار میدان میں آگئے، پاکستان تحریک انصاف کے نامزد وزیراعلیٰ سہیل افریدی، پیپلز پارٹی کے ارباب زرک، مسلم لیگ (ن) کے سردار جہان اور جے یو آئی (ف) کے مولانا لطف الرحمٰن کے کاغذات جمع کروادیے گئے ہیں۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس کل صبح 10 بجے طلب کیا گیا ہے، اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے پی کا انتخاب کیا جائے گا۔
نئے قائد ایوان کا انتخاب شو آف ہینڈ کے ذریعے ہوگا، پی ٹی آئی کا 90 آزاد ارکان کی حمایت کے ساتھ پلڑا بھاری ہے جب کہ وزارت اعلیٰ کے لیے 73 ارکان کی حمایت درکا ہے۔







